• news

ڈیل ہوئی نہ مذاکرات‘ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تھا‘ رہوں گا: پرویز الٰہی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میری نہ کسی سے کوئی ڈیل ہوئی نہ ہی مذاکرات ہوئے‘ جیل سے نکلنے کے بعد میں نے جو بات کی تھی الحمد ﷲ میرا آج بھی وہی موقف ہے‘ پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھا‘ آج بھی ہوں اور انشاء اﷲ کل بھی ان کے ساتھ رہوں گا۔ وہ پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ق لیگ کے کسی رہنما سے میری کوئی بات یا میٹنگ نہیں ہوئی‘ یہ میرے متعلق ہر جگہ افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ گجرات کا مینڈیٹ چوری کیا پہلے وہ واپس کریں پھر بات ہو گی۔ گجرات کے لوگ ان سے سخت ناراض ہیں‘ یہ ان کا مینڈیٹ واپس کر کے پہلے انہیں راضی کریں۔ اب تو ایک سال سے زیادہ ہو گیا‘ ڈیل کر کے آنا ہوتا تو پہلے ہی باہر آ جاتا۔ جب لاہور کیمپ جیل میں تھا جہاں شجاعت صاحب اور ان کی فیملی ملنے آتے رہے اگر ڈیل کرنی ہوتی تو میں تب ہی کر لیتا۔

ای پیپر-دی نیشن