• news

افغانستان پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچ گیا، آسٹریلیا باہر

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ٹی20 رلڈکپ 2024ء کے سپر ایٹ مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس)کے تحت 8رنز سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، آسٹریلیا ورلڈکپ سے باہر ہوگیا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان کل ٹرینیڈاڈ میں صبح 5بج کر 30منٹ پر ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل انگلینڈ اور بھارت کے درمیان گیانا میں  شام 7بج کر 30منٹ پر ہوگا۔ سپر ایٹ مرحلے کا آخری میچ کنگسٹن میں افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان ہوا۔ افغانستان نے5وکٹوں پر 115رنز بنائے۔بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 19اوورز میں 114رنز کا ہدف ملا، بنگلہ دیش کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کیلئے ہدف 12.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا لیکن بنگال ٹائیگر 105رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ افغان ٹیم   کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر کابل سمیت افغانستان کے مختلف شہروں میں عوام گھروں سے نکل آئی اور ریلیاں نکال کر فتح کا جشن منایا۔ افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے بھی ٹیم کے کپتان راشد خان کو فون کیا۔ انہوں نے جیت پر قوم کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن