ضلع قصور کے عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا اولین ترجیح ہے
حاجی محمد شریف مہر
ڈی پی اومحمد عیسیٰ خاں کی ضلع قصور میں تعیناتی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ گزشتہ 20روز کے دوران پولیس مقابلوں کے دوران15ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ایک ڈاکو ہلاک ہوا، سنگین جرائم کی شرح میں 18فیصد کمی ہوگئی ۔ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی پولیس اہلکاروں کا قبلہ درست کیا اور کریمنلز کے خلاف جنگ کا اعلان کردیا ،انکی تعیناتی سے قبل ضلع قصور میں سنگین جرائم کے بادل منڈلا رہے تھے اس سلسلہ میں انہوں نے جرائم کی شرح پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔
ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں کی سربراہی میں پولیس نے گزشتہ 15روز کے دوران ڈاکوئوں سے 02کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردیا،چھینا گیا مال مسروقہ واپس ملنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس افسران پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور خراج تحسین پیش کیا، ڈی پی او آفس قصور میں مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کرنے کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب میںڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں،ایس پی انویسٹی گیشن شاہدخاں چدھڑ ،تین تھانوں کے ایس ایچ اوز، مدعی مقدمات اور صحافیوں سمیت دیگر معززین نے شرکت کی، تقریب کے دوران ڈی پی او قصور نے ڈاکوئوں سے برآمد ہونے والا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کردیا، برآمد ہونیوالے مال مسروقہ میں نقدی07لاکھ روپے ،02کاریں مالیتی 80لاکھ روپے،22موٹرسائیکل،03رکشہ، 20 مال مویشی،15موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان کل مالیتی تقریباً 02کروڑ روپے شامل ہے،چھینی گئی رقم اور دیگر سامان واپس ملنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا، اسی طرح وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع قصور کو ڈرگ فری بنانے کی خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا،ایس ایچ اوز کو منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنے کے واضح احکامات جاری کیے گئے، گزشتہ 15روز کے دوران83 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضہ سے02کلوگرام افیون،62 کلو گرام چرس،1127لیٹر شراب اور ایک کلوگرام آئس برآمد کی گئی،منشیات کے خلاف بڑا کریک ڈائون میںتھانہ بی ڈویژن اور مصطفی آباد پولیس سرفہرست ہیں ،ضلع قصور کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے دن رات محنت کی جارہی ہے،پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران69 ملزمان کو حراست میں لیا، ملزمان کے قبضہ سے01 کلاشنکوف،07 رائفل،04 بندوق،56 پسٹل اور01 کاربین برآمد کی گئی،گزشتہ 15روز کے دوران ڈاکوئوں لٹیروں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا گیا، پولیس مقابلوں کے دوران درجنوں سنگین وارداتوں میں ملوث انتہائی خطرناک 8ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر میں دو درجن سے زائدایکٹو ڈاکوئوں کو حراست میں لیا گیا،اسی طرح سنگین مقدمات میں ملوث67ٹارگٹ آفینڈرز کو انٹیروگیٹ کیا گیا، گزشتہ 15روز کے دوران مجرمان اشتہاریوں کے خلاف بھی بھرپور کاروائیاں کی گئیں، قتل ، ڈکیتی، راہزنی اور چوری جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب 170مجرمان اشتہاریوں اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔
ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں نے بتایا ضلع قصور کی عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا میری اولین ترجیح ہے ،اس سلسلہ میں ہم تھانوں کی نفری کو بڑھا رہے ہیں، مختلف گاردات پر عرصہ دراز سے تعینات رہنے والے اہلکاروں کو فیلڈ پوسٹنگ دی جارہی ہے، 300سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں کو مختلف تھانوں میں کرائم کی شرح کے مطابق تعینات کیا جارہا ہے، ضلع قصور میں اس وقت صرف 20موٹرسائیکل مختلف تھانوں میں گشت کررہی ہیں، انکی تعداد بڑھاکر 80کررہے ہیں، اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں موجود 60ناکارہ موٹرسائیکل کی اپنے تئیں رپیئرنگ کروائی جا رہی ہے اور انشااللہ ضلع قصور میں جلد ایگل سکواڈ کا آغاز کرد یا جائے گا ، ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں 100انرجیٹک پولیس اہلکاروں کو سپیشل کورس کروایا جارہا ہے ایلیٹ کے کمانڈوز پولیس اہلکاروں کو ویپن ہینڈلنگ اور فائر پریکٹس کروا رہے ہیں تاکہ پولیس اہلکار بہادری اور دلیری سے ڈاکوئوں کا مقابلہ کر سکیں اور اپنے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنا سکیں۔ہمارا صرف ایک Motive ہے وہ ہے کرائم فائٹنگ اور انشااللہ جلد دن رات محنت اور شہریوں کے تعاون سے ضلع قصور کو ڈاکوئوں اور لٹیروں سے پاک کرکے امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔
ڈی پی او قصورمحمد عیسیٰ خاں نے کہا کہ قصور کی تقریباً 40لاکھ آبادی کی حفاظت کے لیے ہمارے پاس 2ہزار پولیس اہلکار موجود ہیں لیکن اس کے باوجود ہم قوم کے عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔ ضلعی پولیس کے34 شہداء ہیں۔ وہ ہماری تحریک ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا وجود عوامی خدمت سے مشروط ہے۔پھر بھی ہم آپ کو محفوظ اور صحت مند سونے کے لیے دن رات سڑکوں پر ہیں۔رات کے وقت ناکہ جات اور سخت پٹرولنگ کے عمل کو فعال کیا گیا ہے اس کے علاوہ سول پارچات میں بھی رات کے وقت اہلکار گشت کررہے ہیں، انہوں نے کہا میرے سمیت تمام اہلکار روزانہ 18گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، جرائم کا انسداد عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہری علاقوں میں چوکیدار ان اور دیہاتی علاقوں میں ٹھیکری پہرہ کا ہونا اشد ضروری ہے۔ڈی پی او قصور نے بتایا کہ ضلع بھر میں جرائم کے انسداد کیلئے بہترین حکمت عملی کو اپنایا گیا جس سے سنگین جرائم میں واضح کمی دیکھنے کو مل رہی ہے ، روزانہ رات 11بجے تک ضلع بھر کے اہم مقامات پر ناکہ بندی کی جاتی ہے جہاں پر وہ پولیس اہلکار جو نائب کورٹ اور دفاتر میں ڈیوٹی سرانجام دے ہیں کو تعینات کیا گیا ہے اسی طرح تمام ایس ڈی پی او ز اور ایس ایچ اوز رات 2/- بجے تک گشت کرتے ہیں جن کو فزیکلی چیک کرتا ہوں ۔ اس سلسلہ میں پیشہ ور اور قابل پولیس افسران پر مشتمل ضلع بھر میں سپیشل سی آئی اے ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جن کو صرف ڈاکوئوں ،مویشی چوروں ، موٹرسائیکل و کار چوروں کی گرفتاریوں کا ٹاسک دیا گیا ہے ،پولیس ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کریمنلز کے خلاف کاروائیاں کررہی ہیں انتہائی مطلوب اور ایکٹو کریمنلز کو گرفتار کرلیا گیا باقی ماندہ کا پیچھا جاری ہے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور محمد عیسیٰ خاںنے بتایا سخت انتظامی پولیسی کے باعث جرائم کے خاتمہ کے حوالہ سے ضلع قصور ایک بہتر ین ضلع بنے گا، بد عنوان پولیس افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جا رہی ہے کیونکہ پولیس دیانتدار ہو گی تو عوام بھی اس سے تعاون کریں گے جرائم پیشہ عنا صر کو بروقت سزا ملنے سے جرائم میں کمی آئے گی جس معاشرے میں مظلوم کو انصاف ملے وہ معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو تا ہے ،میںخود جمعہ کے دن عوام میں ہوتا ہوں شہر کی بڑی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرتا ہوں اور انکے مسائل سنتا ہوں تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان پیدا ہونے والی خلیج کو ختم کیا جاسکے ۔ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت تاجروں، وکلا، ممبران امن کمیٹی، مذہبی رہنمائوں، علما کرام، سکول و کالجز کے سٹوڈنٹس سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں تاکہ ان میں احساس تحفظ پیدا کیا جا سکے ،اسکے علاوہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو پابند کیا گیا کہ وہ روزانہ اپنے اپنے دفاتر میں سہ پہر 4سے 6بجے تک تھانوں میں شہریوں کے مسائل سنیں۔