’’ہیومن ملک بنک‘‘ ضرور بنائیں گے، وزیر صحت کا سندھ اسمبلی میں اعلان
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ پر منگل کو پانچواں روز بھی بحث جاری رہی ۔وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اسمبلی فلور پر ببانگ دہل اعلان کیا ہم ’’ہیومن ملک بینک‘‘ ضرور چلائیں گے۔ اس میں نومولود بچوں کا فائدہ ہے۔ سورہ بقرہ میں بھی ذکر ہے ایک بچے کو دوسری ماں کا دودہ پلایا جاسکتا ہے ۔ہم نے فتویٰ کے لیے بھی لکھا ہے۔ ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی عبدالوسیع اپنی بجٹ تقریر میں دریا سندھ پر ڈیم بنانے کا مطالبہ کردیا۔ پیپلز پارٹی کے رکن نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ صوبے مضبوط ہونگے تو ملک مضبوط ہوگا۔ کالا باغ ڈیم ختم ہوچکا ہے، دفن ہوچکا ہے۔بعدازاں اسمبلی کا اجلاس بدھ صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔