• news

آزاد کشمیر: 264 ارب 3 کروڑ کا بجٹ پیش، وفاق کے برابر تنخواہ، پنشن میںاضافہ، صحت کارڈ اجرا کا فیصلہ

مظفر آباد (نامہ نگار) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ  اللہ کے فضل و کرم سے اس ایوان میں اتحادی حکومت کی جانب سے مالی سال2024-25 ء کا بجٹ پیش کرنے جا رہا ہوں۔ آزاد جمو ں وکشمیر میں قائم حکومت کے بنیادی مقاصد میں زیر قبضہ ریاستی حصہ کی بھارتی قبضہ سے آزادی کی جدوجہد، بھارت کے زیر قبضہ علاقوں میں جاری مظالم کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں اور ریاستی عوام کی امنگوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے ساتھ ساتھ24اکتوبر1947 ء میں آزاد خطہ کے عوام کو ریاستی وسائل کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدن سے مستفید کرنا اور آزاد خطے کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کی مسلسل عمل کے ذریعے یقینی بنانا شامل ہے۔سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیرصدارت قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں مالی سال 2024-25ء کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے کہا اگر اس موقع پر پاک فوج کی آزاد خطہ پر سرحدوں کی نگہبانی اور لازوال قربانیوں کا ذکر نہ کروں تو زیادتی ہوگی۔ ریاستی خطے پر قابض بھارتی افواج کی آئے روز گیڈر بھبکیوں اور دھمکیوں کے سامنے ہماری پاک افواج سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف بر سر پیکار افواج پاکستان کے شانہ بہ شانہ ریاستی عوام کھڑی ہے۔ آئندہ مالی سال 2024-25ء کا تخمینہ بجٹ کا حجم264ارب 3کروڑ 30لاکھ روپے رکھا گیا ہے۔موجودہ مالی سال کے بجٹ کا حجم190 ارب 93کروڑ 50لاکھ روپے ہے۔ موجودہ حکومت کی کوششوں اور وفاقی حکومت کی معاونت کے باعث اگلے مالی سال کے لئے 73 ارب 9کروڑ 80لاکھ روپے کا  اضافہ کیا جا رہا ہے۔ سال سے زائد کا عرصہ گزرا ہے اور کثیر مالی وسائل کی دستیابی کو ممکن بنانا اس حکومت کا بڑا کارنامہ ہے۔ موجودہ حکومت نے 44 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز اگلے مالی سال کے لیے مختص کر کے ترقی کی رفتار کو تیزی بخشی ہے۔ صحت‘ تعلیم 3,3 ارب‘ سیاحت کیلئے 70 کروڑ مختص‘ جاریہ منصوبوں کیلئے 62 فیصد‘ نئے منصوبوں کیلئے 38 فیصد فنڈز مختص کئے گئے۔ آئندہ مالی سال میں 161 منصوبہ جات کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 330 کلومیٹر بین الاضلاعی سڑکوں کی ری کنڈیشننگ اور کئی کے منصوبہ جات پر عملدرآمد کی تجویز ہے۔ جاگراں۔ IV اور 48 میگاواٹ شونڑ کے منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔ پبلک ہیلتھ کیلئے ایک ارب 20 کروڑ کے اخراجات کا تخمینہ ہے۔ شعبہ رسل و رسائل کیلئے 14 ارب 90 کروڑ مختص‘ فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے قیام کیلئے 14 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ صحت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ‘ SKILLED YOUTH PROGRAME کیلئے معقول فنڈز مختص‘ ترقیاتی بجٹ 42 ارب‘ غیر ترقیاتی بجٹ کیلئے 190 ارب مختص کر دیئے گئے۔ مہاجرین مقیم پاکستان کی آباد کاری کیلئے ایک ارب روپے مختص کر دیئے۔ بیروزگار نوجوانوں کی تربیت کیلئے میرپور میں آئی ٹی ایکسیلنس سینٹر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔  وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے اپنی بجٹ تقریر میں کہاکہ سرکاری ملازمین کسی بھی حکومت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت اپنی مالی مشکلات کے باوجود ملازمین کے معاشی حالات بہتر بنانے کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے تنخواہوں اور پنشن میں کیا جانے والے اضافے کے مطابق حکومت آزادکشمیر بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہ و پنشن میں اضافے کا اعلان کرتی ہے۔ اب نظرثانی میزانیہ 2023-24 ء وتخمینہ میزانیہ 2024-25 ء معزز ایوان میں منظوری کے لئے پیش کرتا ہوں۔ کم آ مدن افراد کو رو زگار کیلئے   4ارب1کروڑ 31لاکھ کے بلاسود قر ضے دئیے، ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے ترقیاتی منصو بو ں کیلئے 28کروڑ ر مختص کیئے جانے کی تجویز ہے۔  ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کیلئے 55کروڑ 40لاکھ مہیا کر ینگے، ہائرایجوکیشن کیلئے 90 کروڑ 30  لاکھ  روپے کی رقم مختص کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن