خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس،علاج و معالجہ کا جائزہ
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ صوبائی وزرائے صحت نے اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تمام وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ساہیوال میڈیکل کالج کا افسوسناک واقعہ پیش نہیں آنا چاہئے تھا۔ تمام سرکاری ہسپتالوں کے او پی ڈیز میں وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات کی جانب سے بذاتِ خود فرائض سر انجام دینا لائق تحسین ہے۔ 25 جون کو سرکاری ہسپتالوں کے او پی ڈیز میں تقریباً 60 ہزار مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ ڈاکٹرز مسائل حل کرانے میں سنجیدہ ہوں تو پہلے احتجاج ختم کریں۔ حکومت بات چیت کرنے کو تیار ہے۔ مریضوں کا حق اولین ترجیح ہے۔پنجاب کے ساڑھے 12 کروڑ عوام کو صحت کی سہولیات ان کا بنیادی حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ڈاکٹرز کے خلاف نہیں ہیں، ہسپتالوں سے ہڑتالوں کا کلچر ہمیشہ سے ختم کرنا ہوگا۔اجلاس میں پروفیسرز، وائس چانسلرز، ایم ایس نے او پی ڈی مزید فعال کرنے کیلئے اپنی تجاویز دیں۔