ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ‘ خواتین کرکٹرز کا کیمپ کراچی میں شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئندہ ماہ ہونیوالے اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سلسلے میں پاکستان ویمنز ٹیم کا چار روزہ ٹریننگ کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں شروع ہوگیا۔ ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کیمپ میں 28کرکٹرز کو مدعو کیا ہے ۔کمیٹی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ کیلئے سکواڈ کا اعلان کریگی۔ کھلاڑی جمعہ کو بھی نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی جبکہ وہ جمعرات اور ہفتے کے روز معین خان کرکٹ اکیڈمی میں دو ٹی ٹونٹی پریکٹس میچز کھیلیں گی۔ اپاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کیلئے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔محمد وسیم ہیڈ کوچ ہونگے جبکہ عبدالرحمن اور جنید خان بالترتیب سپن بائولنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ ہونگے۔