• news

سکھ میرج ایکٹ پر دنیا میں پاکستان کی ستائش ہو رہی ہے: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مذہبی اقلیتیں ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کیلئے اہم رہی ہیں۔ مذہبی اقلیتوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی ترجیح سمجھتی ہیں۔ خود کو انسانی حقوق کے چیمپئن سمجھنے والے ملکوں میں بھی سکھ میرج ایکٹ موجود نہیں ہے۔ اس ایکٹ پر پوری دنیا میں پاکستان کی ستائش ہو رہی ہے۔ کل صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کئی اہم فیصلہ کئے گئے ہیں۔ ان فیصلوں کے تحت چار سو ارب روپے کسان کارڈ کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جن پروجیکٹس پر کام کر رہی ہیں ان میں سے کئی پراجیکٹس کا تو انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں وعدہ بھی نہیں کیا تھا۔ جو کام ہم کررہے ہیں پہلے کبھی نہیں ہوئے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں ایک لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔ 14 اگست کو وزیر اعلیٰ پنجاب اس منصوبے کا افتتاح کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کیا۔ پچھلی فراڈ حکومت نے انچاس ہزار ارب کے قرضے لیے تھے مگر ایک اینٹ تک نہیں لگائی۔ یتیم بچوں کی سرپرست وزیر اعلیٰ مریم نواز خود ہیں۔ ہماری حکومت یتیم بچوں کو الیکٹرک بائیکس دینے جارہی ہے۔ اوورسیز کے اوپر ایک فتنہ فساد پارٹی بہت شور ڈالتی ہے لیکن کرتی کچھ نہیں ہے۔ ہماری حکومت آٹھ ممالک کے اوورسیز کو آن لائن سسٹم کے تحت آسانیاں فراہم کرنے جارہی ہے۔ سرگودھا میں ایک افسوسناک واقعہ ہوسکتا تھا مگر ہماری حکومت نے اس واقعے کو ہونے سے بچایا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ 2018 کے اختتام پر سکھ میرج ایکٹ کو پرائیویٹ بل کے طور پر پیش کیا گیا تھا بل پاس ہوا مگر بد قسمتی سے حکومت بدلنے پر اس کو سنجیدہ نہیں لیا گیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر قیادت تین ماہ کی ریکارڈ مدت میں رولز بنائے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن