مراد سعید نے سیاسی اختلاف کو ذاتی مخالفت میں بدل دیا، احسن اقبال
اسلام آباد (نیٹ نیوز) مراد سعید پر ہتک عزت کے دعوے میں احسن اقبال کا بیان قلم بند ہو گیا۔ ساتھ ہی ان پر مراد سعید کے وکیل کی جرح بھی ہو گئی۔ احسن اقبال نے کہا کہ میری مراد سعید سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، اس نے سیاسی اختلافات کو ذاتی مخالفت میں تبدیل کر دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے مراد سعید کے خلاف دائر ہتک عزت کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت جج حسینہ ثقلین کے روبرو ہوئی۔ احسن اقبال نے عدالت کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا اور ان پر جرح بھی مکمل ہو گئی۔ جرح کے دوران مراد سعید کے وکیل نے نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ ریفرنس کا حوالہ دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ ریفرنس سے بری کر چکی۔ مراد سعید کے وکیل نے پوچھا کہ ایف آئی اے آپ کے خلاف ملتان سکھر موٹروے پراجیکٹ میں انکوائری کرتی رہی ہے۔ مجھے اس حوالے سے کوئی آگاہی نہیں، آپ کے موکل کی طرف سے ملتان سکھر موٹروے پراجیکٹ کے حوالے سے الزام لگایا گیا ہے۔