اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، وزیر خزانہ نے پنشن فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پنشن فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے یکم جولائی 2025ء کے بعد مسلح افواج میں بھرتی ہونے والوں اور یکم جولائی 2024ء سے سرکاری ملازمت اختیار کرنے والوں کے لیے کنٹریبیوٹری پینشن سکیم متعارف کروانے کی تجویز کو بھی منظور کر لیا، ای سی سی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تجویز پر 11 ارب 13 کروڑ روپے یونیورسل سروس فنڈ کو واپس کرنے کی تجویز کو بھی منظور کر لیا تاکہ بجٹ کے شارٹ فال کو پورا کیا جا سکے۔ اجلاس میں وزارت ریلوے کی طرف سے اضافی فنڈز کی فراہمی کی درخواست پر دو ارب روپے گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی تاکہ وہ اپنی زیر التوا مالی ذمہ داریوں کو پورا کر سکے۔ ای سی سی نے فنانس ڈویڑن کی ایک سمری کو منظور کیا جس کے تحت این ڈی ایم اے کو 35 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کو دی جائے گی تاکہ سیلاب کے متاثرین کی مدد کی جا سکتی ہے۔ اجلاس میں ایس ایم ایز کے لیے رسک کوریج سکیم کے آغاز کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں جن تکنیکی گرانٹس کی منظوری دی گئی ہے اس کے تحت ایوی ایشن ڈویژن کے ملازمین کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے 60 کروڑ 70 لاکھ روپے، ایڈہاک ریلیف الانس کے لیے کمیونیکشن ڈویژن کے لئے ایک کروڑ روپے سے کچھ زائد، ڈیفنس ڈویڑن کے لیے نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک بنانے کی غرض سے 80 کروڑ روپے، پنشن کی ادائیگی کے لیے اے جی پی ار اور ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کے لیے اٹھ ارب 62 کروڑ روپے، ضلع ٹیکس کے خاتمہ کی مد میں حکومت سندھ کو ادا کرنے کے لیے 12 ارب 10 کروڑ روپے، آڈیٹر جنرل آف پاکستان 29 کروڑ 30 لاکھ روپے، زیڈ ٹی بی ایل کے بعض کلیم کی ادائیگی کے لیے فرانس ڈویژن کے حق میں ایک ارب روپے، پاکستان کے غیر ملکی مشنز کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وزارت خارجہ کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے، پرائمری ڈیٹا سینٹر پراجیکٹ کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات کے حق میں 36 کروڑ 62 لاکھ روپے، یوم دفاع پر پبلی سٹی کمپین چلانے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات کے لیے نو کروڑ 64 لاکھ روپے، پاکستان کے اولمپک ارشد ندیم کو بھی انعام دینے کے لیے 25 لاکھ روپے، اسلام آباد پولیس کے لیے دو کروڑ 91 لاکھ روپے، پولیس کے پیٹرول چارجز کی ادائیگی کے لیے 13 کروڑ روپے، مردم شماری کے اخراجات ادا کرنے کے لیے پلاننگ کمشن کے حق میں سات ارب 98 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔