• news

پنجاب، اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن قانونی پیچیدگیوں کا شکار: سکندر سلطان 

اسلام آباد (وقائع نگار) پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد  کے حوالے سے الیکشن کمشن سیکرٹریٹ میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ اجلاس میں کمشن کے چاروں  ارکان، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری  لوکل گورنمنٹ حکومت پنجاب اور سیکرٹری الیکشن کمشن اور دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ ملک کے تین صوبوں میں بلدیاتی انتخابات ہو چکے ہیں تاہم  پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد میں بعض قانونی پیچدگیوں کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات التوا کا شکار ہیں۔ اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے، صوبہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ دارالحکومت اسلام آباد میں 7ویں قومی مردم شماری کے مطابق  موجودہ یونین کونسلز اور وارڈز کی حد بندی کا کام 23 جولائی تک مکمل ہو جائے گا۔کمشن نے سخت  ہدایات  جاری کرتے  ہوئے حکم دیا  کہ صوبہ پنجاب اور اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ  انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تمام تر آئینی وقانونی تقاضوں کو جلد از جلد پورا کیا جائے تاکہ الیکشن کمشن فوری بلدیاتی  انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدام اٹھائے۔ اس سے قبل وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کمشن کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد  اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے سمری وزیر اعظم کے دفتر بھجوائی جا چکی ہے جبکہ  آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ایکٹ2017ء کی سیکشن17 میں درکار ترمیم کی کیبنٹ کمیٹی فار ڈسپوزل آف لیجسلٹیو کیسز ( سی سی ایل سی) سے  پہلے ہی منظوری حاصل کی جا چکی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور لوکل گورنمنٹ حکومت پنجاب میاں شکیل احمد نے کمشن کو بتایا کہ پنجاب کی نئی حکومت نے صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے  سے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء میں ضروری ترامیم اور نئے مسودہ قانون کی تیاری کے لیے صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ جناب ذیشان رفیق کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی جس کے پانچ اجلاس منعقد ہو چکے ہیں اور کمیٹی کی سفارشات اگلے چند دنوں تک صوبائی کابینہ کو پیش کر دی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن