شدید گرمی کی لہر، بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 885 میگاواٹ تک پہنچ گیا
اسلام آباد (آئی این پی ) ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کے ساتھ ہی بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 885 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 20 ہزار 615 میگاواٹ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پن بجلی ذرائع سے 6 ہزار 890 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 890 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔اس کے علاوہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 8 ہزار380 میگاواٹ ہے جبکہ ونڈ پاور پلانٹس سے 990 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ذرائع کے مطابق سولر پاور پلانٹس سے 198، بگاس سے 142 اورسنیوکلئیر پاور پلانٹس سے 3 ہزار 125 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ ذرائع کے مطابق شارٹ فال کے باعث ملک بھر میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔