• news

غزہ: فلسطینی زخمیوں پر مہلک انفیکشن حملہ، دھماکے میں اسرائیلی کیپٹن ہلاک، 16 زخمی

غزہ+ واشنگٹن (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ سے واپس آنے والے امریکی طبی ماہرین نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقے کے بچے کھچے ہسپتالوں میں موجود زخمی حفاظتی پوشاک اور صابن تک کی قلت کے باعث انفیکشن زدہ اموات کا شکار ہورہے ہیں، وہ دھماکے کے زخموں کو تو برداشت کرلیتے ہیں لیکن انفیکشن کا حملہ ان کے لیے جان لیوا ثابت ہورہا ہے۔ امریکی سرجن حماوی نے شہری ہلاکتوں کے حوالے سے بتایا کہ غزہ جیسا تجربہ اس سے قبل دیکھنے میں نہیں آیا، زیادہ تر مریض 14 سال سے کم عمر کے بچے تھے۔ صحت کے کارکنوں کو اذیت ناک فیصلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شام کے جنوبی علاقے سیدہ زینب میں اسرائیلی فوج کے میزائل حملے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک فوجی زخمی ہو گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کی وزارت دفاع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ رات کو مقبوضہ شامی گولان کی پہاڑیوں سے شام کے جنوبی علاقے میں متعدد فوجی مقامات پر فضائی حملہ کیا۔  اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوجی ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ جنین میں سڑک کے کنارے زیر زمین نصب بارودی سرنگ بم پھٹنے سے کیپٹن 22 سالہ ایلون اسکارگیو ہلاک  ہو گیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سولہ زخمی اہلکاروں میں سے دو کی حالت تشویشناک  ہے جبکہ پانچ کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور نو اہلکاروں کو معمولی زخم آئے ہیں۔ عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل حسام زکی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لبنان میں جنگ غزہ کی جنگ ختم ہونے پر رک جائے گی، ایسی غلطیوں سے گریز کیا جائے جو لبنان میں جنگ کو پھیلانے کا سبب بن جائیں۔ حسام زکی نے عرب میڈیا کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ صدارتی عہدہ لبنان میں ریاست کے وجود کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکرٹری نے مزید کہا کہ عرب ممالک ایسی غلطیاں نہیں چاہتے جو جنگ کو وسعت دینے کا باعث بنیں اور معصوم لوگوں کو غلطیوں کی قیمت چکانی پڑے۔ فلسطینی صدر کے مشیر محمود الھباش نے کہا ہے کہ حماس صحیح راستے سے ہٹ رہی ہے۔ وہ صرف نعرے لگا رہی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ غزہ کی نسل کشی کو دوسرے خطوں میں دہرانا چاہتی ہے۔ حماس کے بیرون ملک امور کے سربراہ خالد مشعل  کے بیان پر ردعمل  دیتے ہوئے فلسطینی صدر کے مشیر نے واضح کیا کہ حماس فلسطینیوں کے درمیان تقسیم کو برقرار رکھنا اور اسے ایک فطری معاملہ بنانا چاہتی ہے۔ حماس سیاسی انتشار پر عمل پیرا ہے۔ اسرائیل کے وزیر دفاع یوایو گیلانٹ نے کہا ہے کہ ان کا ملک جنگ نہیں چاہتا لیکن سفارت کاری ناکام ہونے کی صورت میں حزب اللہ کو بھاری نقصان پہنچانے کے لیے تیار ہے۔ اردن کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایمن صفدی نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر جنگ بند ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اردن اسرائیلی افواج کی جگہ اپنی فوج غزہ میں نہیں بھیجے گا۔ ایتھنز میں اپنے یونانی ہم منصب کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ کا جاری رہنا عالمی امن کے ذمہ دار اداروں اور عالمی نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔ اسرائیل میں نیتن یاہو کی حکومت کیخلاف مظاہرے جاری ہیں۔ اسرائیلی شہری دن کے مصروف اوقات میں سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے کئی شہروں میں مرکزی شاہراہیں بلاک کر دیں۔ مظاہرین نے یرغمالیوں کی رہائی اور نیتن یاہو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن