• news

وزیر تعلیم کا دورہ سپیرئیر یونیورسٹی کے ’’تھسیز شو‘‘، طلبہ ڈیزائنز پر مبنی ماڈلز دیکھے 

لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سپیرئیر یونیورسٹی کے ’’تھسیز شو‘‘کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ و طالبات کے بنائے گئے مختلف ڈیزائنز پر مبنی ماڈلز دیکھے اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے طلبہ کے فن پاروں کو قابل دید قرار دیتے ہوئے ان کے اساتذہ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ کاوش بالخصوص طالبات کی انٹرپنیورشپ میں مددگار ثابت ہوگی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بہترین صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں ان کی اہمیت میں اضافے کا باعث ہیں۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ مستقبل انٹرپنیورشپ کا ہی ہے۔ تعلیمی ادارے نوجوانوں کو انٹرپنیور بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ آج کے نوجوان کا خودمختار ہونا جہاں بے روزگاری کا خاتمہ کرنے میں معاون ہوگا وہیں ملکی معیشت کے استحکام میں بھی مددگار حیثیت کا حامل ٹھہرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن