جنابِ مجید نظامی اور میرا شوقِ نَے نوازی
معزز قارئین! مَیں کئی بار اپنے عظیم قائد ”مفسرِ نظریہ پاکستان“ جنابِ مجید نظامی کی سالگرہ (3 اپریل 1928ئ) اور یوم وِصال (26 جولائی 2014ئ)کے بارے کالم لکھ چکا ہوں اور ان کی عظمت بیان کرتے ہوئے کئی نظمیں بھی شامل کر چکا ہوں لیکن آج مَیں اپنے پیارے پاکستان کے بارے میں کیوں ”احساس کمتری“ کا شکار ہوگیا ہوں ، بہرحال میرے اِس کالم کو جنابِ مجید نظامی اور میرا شوقِ نَے نوازی ہی سمجھیں۔ ملاحظہ فرمائیں....
” میرے دو ملّی ترانے ! “
معزز قارئین! علاّمہ اقبال نے اپنے کمالِ شاعری کو ”نَے نوازی“ قرار دِیا تھا۔ مَیں اِسے اپنا ”شوق نَے نوازی“ سمجھتا ہوں۔ ستمبر 1965ءکی پاک بھارت جنگ کے دَوران مَیں نے دو ملّی ترانے لکھے۔ ایک ترانہ ہر روز ریڈیو پاکستان سے نشر ہو رہا تھا جس کا عنوان مطلع اور ترانہ ملاحظہ فرمائیں....
”اے مادرِ وطن، ترے پیاروں کی خیر ہو!“
” زہرہ نگاروں، سِینہ فگاروں کی خیر ہو!
اے مادرِ وطن، ترے پیاروں کی خیر ہو!
...یوں حسنِ لازوال سے، رَوشن ہیں بستیاں!
جیسے کہ آسمان سے، اتری ہو کہکشاں!
تیرے فلک کے چاند ستاروں کی خیر ہو!
اے مادرِ وطن، ترے پیاروں کی خیر ہو!
مٹی کا تری رنگ، زَر و سیم کی طرح!
دریا رَواں ہیں، کوثر و تسنیم کی طرح!
جنت نشان، مست نظاروں کی خیر ہو!
اے مادرِ وطن، ترے پیاروں کی خیر ہو!
دنیا میں بے مثال ہیں، ارباب فن ترے!
ہر بار فتح یاب ہوئے، صف شکن ترے!
شاہ راہ حق کے، شاہ سواروں کی خیر ہو!
اے مادرِ وطن، ترے پیاروں کی خیر ہو!
پھیلے ہوئے ہیں، ہر سو وفاﺅں کے سِلسلے!
ماﺅں کی پر خلوص دعاﺅں کے سِلسلے!
مضبوط، پائیدار، سہاروں کی خیر ہو!
اے مادرِ وطن، ترے پیاروں کی خیر ہو!
معزز قارئین! مختصر بیان یہ ہے کہ ”یکم نومبر 1971ءکو مَیں نے لاہور سے اپنا ہفت روزہ ”پنجاب“ اور 11 جولائی 1973ءکو روزنامہ ”سیاست“ جاری کِیا۔ پھر میری جنابِ مجید نظامی سے اسلام آباد اور لاہور میں صدرِ پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی "Briefings" میں ملاقاتیں ہونے لگیں اور "A.P.N.S" کی "Meetings" میں بھی۔ مئی 1991ءمیں مَیں نے اپنا کالم ”سیاست نامہ“۔”نوائے وقت“ میں شروع کِیا، جو ڈیڑھ سال تک جاری رہا۔ ستمبر 1991ءمیں ، مجھے(”نوائے وقت“ کے کالم نویس کی حیثیت سے) صدر غلام اسحاق خان کی میڈیا ٹیم کے رکن کی حیثیت خانہ کعبہ کے اندر داخل ہونے کی سعادت حاصل ہوئی۔ یقینا اِس کا کچھ نہ کچھ ثواب تو جنابِ مجید نظامی کو ضرور ملا ہوگا؟“
”قائداعظم کا سوہنا شاہکار ،حمید نظامی!“
معزز قارئین! 25 فروری 1993ءکو جنابِ حمید نظامی کی 31 ویں برسی کے موقع پر جنابِ مجید نظامی کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں ”قائداعظم کا سوہنا شہکار، حمید نظامی تھے!“ کے عنوان سے نظم پڑھی جس کے تین شعر پیش خدمت ہیں....
”حق گوئی، بیباکی سے، سَرشار حمید نظامی، تھے!
بزم میں، رزم میں، مردِ طرح دار، حمید نظامی، تھے!
ہر جابر سلطان کے سامنے، کلمہ حقّ بلند کِیا!
کانگریسی ملّاﺅں سے، ستیزہ کار، حمید نظامی تھے!
ساری عمر مجید نظامی، حقّ کے، عَلم بردار رہے!
جیسے سچّائی کے قَلم بردار حمید نظامی، تھے! “
” شا عرِ نظریہ پاکستان! “
20 فروری 2014ءکو ”ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان“ لاہور میں چھٹی سہ روزہ ” نظریہ پاکستان کانفرنس“ کیلئے مَیں نے سیکرٹری ”نظریہ پاکستان ٹرسٹ“ برادرِ عزیز سیّد شاہد رشید (اب مرحوم) کی فرمائش پر ملّی ترانہ لکھا جسے نظریاتی سمر سکول کے میوزک ٹیچر جناب آصف مجید نے کمپوز کیا اور دی کازوے سکول کے طلبہ و طالبات نے مل کر گایا۔ ہال تالیوں سے گونج رہا تھا، مجھے جناب نظامی نے نظریہ پاکستان شیلڈ سے نوازا اور ”شاعر نظریہ پاکستان“ کے خطاب سے بھی۔ ملّی ترانے کا مطلع اور سات شعر یوں ہیں ....
”پیارا پاکستان ہماراپیارے پاکستان کی خیر!
پیارا پاکستان ہمارا، پیارے پاکستان کی خیر!
پاکستان میں رہنے والے، ہر مخلص انسان کی خیر!
خوابِ شاعر مشرق کو، شرمندہ تعبیر کیا!
روزِ قیامت تک، کردار قائد والا شان کی خیر!
جدّوجہدِ مادرمِلّت لاثانی اور لافانی!
مادرمِلّت کے سارے، فرزندوں کے، اَوسان کی خیر!
اسلامی، جمہوری، فلاحی بنے، ریاست پاکستان!
قائداعظم کی خواہش کی، ان کے، اس اَرمان کی خیر!
عمر خضر عطا کر مولا! اپنے مجید نظامی کو!
وارثِ نظریہ پاکستان کے، جذبہ ایمان کی خیر!
خِطّہ پنجاب سلامت، خیبر پختونخوا، آباد!
قائم رہے ہمیشہ، میرا سِندھ، بلوچستان کی خیر!
”پاکستان کی شَہ رگ ہے کشمیر“ بقول بابائے قوم!
اپنے عدو سے، چھڑا کے رہیں گے، شَہ رگ پاکستان کی خیر!
”....صحافت کا مہر عالم تاب!“
3 اپریل 2014ءکو”نظریہ پاکستان ٹرسٹ“ کے چیف کوآرڈینیٹر فارق الطاف اور سیکرٹری جنرل سیّد شاہد رشید اور دوسرے عقیدت مندوں اور دوستوں کے اصرار پر جنابِ مجید نظامی نے پہلی بار دھوم دھڑکے سے اپنی سالگرہ کی اجازت دِی تو مَیں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ایک نظم پیش کی جس کے صرف دو بند پیش کر رہا ہوں....
”سجائے بَیٹھے ہیں محفل خلوص کی احباب!
کِھلے ہیں رنگ برنگے محبّتوں کے گلاب!
بنایا قادرِ مطلق نے جِس کو عالی جناب!
چمک رہا ہے صحافت کا مہِر عالم تاب!
خوشا! مجِید نظامی کی برکتیں ہر سو!
ہے فکرِ قائد و اقبال کی نگر نگر خوشبو!
اثر دعا ہے کہ ہو ارضِِ پاک بھی شاداب!
چمک رہا ہے صحافت کا مہرِ عالم تاب!“
”وِصال پر ملال !“
معزز قارئین! 26 جولائی 2014ءکو جنابِ مجید نظامی کا وِصال ہوا تو میری نظم کا یہ شعر تھا کہ ....
”رَواں ہے چشمہ نور کی صورت،
ہر سو ان کی ذاتِ گرامی!
جب تک پاکستان ہے زندہ،
زندہ رہیں گے مجید نظامی!“