• news

چیف آپریٹنگ افسر نوائے وقت گروپ سید احمد ندیم قادری دعوت پر کل چین جائیں گے

لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) چین آئندہ ماہ جولائی میں شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا جس کے تحت شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ، آبزرور اور ڈائیلاگ پارٹنر کے 18 ممالک سے میڈیا نمائندوں، دانشوروں اور حکام کے 30 افراد کے لئے یکم جولائی کو شنگھائی، بیجنگ اور چنگدائو کے 9 روزہ دورے کا اہتمام کیا ہے۔ پاکستان کی طرف سے نمائندگی کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم کے ’’اچھا پڑوسی، دوستی اور تعاون کمیشن‘‘ نے نوائے وقت میڈیا گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کو دعوت دی ہے تاکہ ایس سی او کو بہتر مستقبل کی طرف آگے بڑھانے کے لئے میڈیا تبادلوں کے ساتھ ساتھ پیپلز ٹو پیپلز رابطوں اور مشترکہ ترقی کے ایس سی او خواب سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا جاسکے۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کل چین کے لئے روانہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری سمیت دو رکنی ٹیم کی جانب سے ’’شاہراہ ریشم اور بیلٹ اینڈ روڈ سے سی پیک تک‘‘ پر پانچ سال سے زائد عرصے تک مسلسل اقساط کی اشاعت کو بی آر آئی حلقوں میں پذیرائی حاصل ہے۔ 60 ویں قسط کی اشاعت پر حکومت پاکستان اور چینی سفیر سمیت چینی قونصل جنرلز کی جانب سے مبارکبادی پیغامات کو چینی میڈیا نے بھی کوریج دی جو کہ میڈیا گروپ کے لئے باعث اعزاز ہے۔ پاک چین دوستی کے فروغ کے لئے کام کرنے پر کرنل (ر) قادری سمیت دو رکنی ٹیم کو ’’چائنا پاکستان فرینڈشپ ایوارڈ‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ چین کے اہم شہروں کے دوروں کا آغاز شنگھائی میں شنگھائی تعاون تنظیم انٹرنیشنل ایکسچینج اینڈ جوڈیشل کوآپریشن میں ویلکمی عشائیے سے ہوگا۔ وفد تینوں شہروں میں معروف کاروباری، مینوفیکچرنگ، ٹرانسپورٹیشن، میونسپل، ٹنل انجینئرنگ کے اداروں، انڈسٹریل پارک، کنٹینر ٹرمینل، اکولوجیکل پارک، چنگدائو پرل انٹرنیشنل ایکسپو سنٹر، شپنگ سینٹرز، تاریخی و ثقافتی عمارتوں، باغات اور عجائب گھر کا دورہ کرے گا۔ وفد راؤنڈ ٹیبل کانفرنس / مباحث اوورسیز کوآپریشن پر تبادلہ خیال اور شنگھائی تعاون تنظیم کے گرین ڈویلپمنٹ فورم میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ چین کی ٹیکنالوجی و جدت، ثقافت اور ماحولیاتی ترقی کے تجربات سے بھی مستفید ہوگا اور اس کی رپورٹ اور فورم کی متعلقہ سرگرمیوں میں مباحث میں بھی حصہ لے گا۔ وفد چینی وزارت خارجہ کی ریگولر پریس کانفرنس میں بھی حصہ لے گا۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل زانگ منگ سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ممالک میں تعاون اور شراکت داری کے نئے امکانات کو فروغ دے گا اور بالخصوص چین اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات اور دوستی کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن