• news

مقبوضہ کشمیر: تلاشی کارروائیاں جاری، سرینگر کے شہری 5 ماہ سے انٹرنیٹ سروس سے محروم

برسلز+ سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں محاصرے تلاشی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ دارالحکومت سری نگر کے کئی علاقوں کے ہزاروں لوگ گزشتہ پانچ ماہ سے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس سے محروم ہیں۔ فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث طلبا، سرکاری ملازمین اور تاجر پیشہ افراد کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ ضلع کشتواڑ میں آتشزدگی کے ایک پراسرار واقعے میں ایک مسلمان شخص کی پانچ دکانیں خاکستر ہوگئی ہیں۔ ضلع کے علاقع پیاس ناگیسنی میں گزشتہ رات آگ لگنے سے طالب حسین کی پانچ دکانیں جل گئیں۔ واقعے میں لاکھوں مالیت کا سامان برباد ہوا تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ یورپی یونین قیادت کے نام ایک خط میں نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما فاروق احمد ڈار کی فوری اور غیر مشروط رہائی میں مدد کی اپیل کی گئی ہے ای یو قیادت سے کہا گیا ہے کہ فاروق احمد ڈار کی رہائی کا معاملہ براہ راست بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھائیں۔کشمیر کونسل یورپ ( کے سی ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل، یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین، یورپی یونین پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا اور خارجہ امور اور سلامتی پالیسی سے متعلق یورپی یونین کے اعلی نمائندے جوزف بوریل کے نام خط میں زور دیا ہے کہ وہ بھارتی قید میں شدید علیل مقبوضہ جموں و کشمیر کے آزادی پسند رہنما فاروق احمد ڈار کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری رہائی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔ علی رضا سید نے یورپی یونین، اقوام متحدہ اور دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنماوں، سیاست دانوں اور فیصلہ سازوں سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئیں اور بھارتی حکومت پر دبا ڈالیں تاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے اور تمام قیدیوں کو رہا کرے۔

ای پیپر-دی نیشن