• news

مہنگی بجلی، جماعت اسلامی کے ملک گیر مظاہرے، لیسکو، گیپکو ہیڈ کوارٹرز پر دھرنے

لاہور+ گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان) بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ کے خلاف امیر جماعت اسلامی کی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر لاہور سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے، دھرنے دیئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے لوڈشیڈنگ، مہنگی بجلی کے خلاف اسلام آباد کے سات مقامات پر واپڈا دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب جاوید قصوری اور ضلعی امیر طیب محمود بلوچ نے مظاہرے سے خطاب کیا۔ وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق مہنگی بجلی ہوشربا بلز اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جماعت اسلامی وزیر آباد کا گیپکو گرڈ سٹیشن کا گھیراؤ، ریلی نکالی گئی اور احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے اور درجن سے زائد ناجائز ٹیکسز سے عوام کا خون چوسا جارہا ہے۔ صابر حسین بٹ، سمیع اللہ ملک ضلعی صدر کسان یونین محمد نذیر چیمہ نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین نے ریلی بھی نکالی۔ جلالپور جٹاں سے نامہ نگار کے مطابق ریلی اڈا ٹم ٹم بینک روڈ اور ٹانڈا چوک سے ہوتی ہوئی مرکزی دفتر پر اختتام پذیر ہوئی جہاں پر مقررین حاجی عبدالخالق امیر جماعت اسلامی جلالپور جٹاں، ضلعی نائب امیر پروفیسر رانا عمر صدیق، پبلک ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹر مدبر صدیق چوہدری، انس مجاہد، الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر زاہد محمود انصاری اور سیٹھ جنید نے خطاب کیا۔ گوجرانوالہ  میں بھی اووربلنگ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف جماعت اسلامی'شہریوں کے گیپکو ہیڈکوارٹرسمیت مختلف دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے۔ دریں اثناء اووربلنگ 'آئے روز بجلی کی بڑھتی قیمتوںکیخلاف ایس ای کینٹ 'ایکسین ڈویژن نمبر1'ایکسین ڈویژن نمبر 3'عالم چوک سمیت مختلف علاقوں میں واقع گیپکو دفاتر کے سامنے بھی عوامی حلقوں نے احتجاج کیا۔دریں اثناء لیسکو ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ظالم حکمران طبقہ عوام سے جینے کا حق بھی چھیننے پر اتر آیا، جماعت اسلامی ظلم پر خاموش نہیں رہ سکتی۔ سیاسی جماعتیں مہنگائی، بیروزگاری، معاشی بدحالی اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ آئی پی پیز نے ملک اور عوام کو لوٹا، یہ قومی معیشت پر بوجھ ہیں، معاہدے ختم کیے جائیں۔ وزیراعظم کے دعوؤں کے باوجود لوڈشیڈنگ کا عذاب جاری ہے۔ مہنگی بجلی، اوور بلنگ، لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی۔

ای پیپر-دی نیشن