ہم سیاست نہیں کرنا چاہتے، خیبر پی کے کو انسداد دہشتگردی کیلئے ً590 ارب ملے، سی ٹی ڈی پھر بھی نامکمل: وزیراعظم
اسلام آباد( خبرنگار خصوصی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف خیبرپختونخوا کے عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، 2010 سے اب تک انسداد دہشت گردی کیلئے صوبے کو 590 ارب روپے اب تک دیئے گئے تاہم سی ٹی ڈی کا ادارہ نامکمل ہے، دیگر صوبوں نے بھی دہشت گردی کا سامنا کیا تاہم انہیں اس مد میں کچھ نہیں ملا، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی تعیناتی کیلئے 3ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے صوبائی حکومت کا کوئی جواب نہیں آیا، اگر اس پینل میں شامل نام منظور نہیں تو آگاہ کریں ہم نیا پینل بھیج دیں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اسد قیصر کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسد قیصر لائق احترام ہیں، ان کی باتوں کو غور سے سنا ہے، انہوں نے کہا این ایف سی ایوارڈ2010 میں تشکیل پایا، اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں چاروں صوبوں نے مل کر اس پر اتفاق کیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی خیبرپی کے کے عوام نے عظیم قربانیاں دیں جنہیں تاریخ یاد رکھے گی۔ اس این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے میں سے خیبرپی کے کا حصہ ایک فیصد رکھاگیا تھا جو ابھی تک اسے مل رہا ہے۔ اب تک 590 ارب روپے دہشت گردی کے خلاف ان کی کاوشوں کے اعتراف میں ملے۔ بلوچستان سمیت دیگر صوبوں نے بھی بڑی قربانیاں دیں تاہم انہیں کچھ نہیں ملا۔ہم سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں ایف بی آر کا کلیدی کردار ہے ، ہمیں مل جل کر ملکی ترقی کے لئے کام کرنا ہے، ایف بی آر میں جاری اصلاحات اور محصولات کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت خود کروں گا۔ زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر اہم اجلاس میں گفتگو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے مختلف عدالتوں اور ٹریبونلز میں زیر التوا کیسز کے حوالے سے بہترین وکلا کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ ٹیکس سے متعلق مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئیان لینڈ ریونیو ایپیلیٹ ٹریبیونلز کے ساتھ کسٹمز ایپیلیٹ ٹریبیونلز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے۔ شہباز شریف نے جمعے کو بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی، قومی اسمبلی آمد پر اراکین نے کھڑے ہو کر اور ڈیسک بجا کر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ ایوان میں وزیر اعظم سے اقلیتی اور خواتین ممبران نے گروپ کی شکل میں ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہزادہ منصور بن سعود بن عبدالعزیز کی والدہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سعودی شاہی خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نے شہزادہ منصور بن سعود بن عبدالعزیز کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر گہرا رنج کا اظہار کیا ،انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے نگران شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود،ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان، شہزادہ منصور بن سعود بن عبدالعزیز اور شاہی خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں۔انہوں نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انتونیو لسکوسٹا کو یورپی کونسل کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہیں ۔۔ وزیر اعظم کا ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کو ٹیلی فون بجٹ منظوری میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔