چار ایشیائی ممالک کے سفیروں کا لاہور چیمبرکا دورہ‘بزنس کیوسک کا افتتاح کیا
لاہور(کامرس رپورٹر ) چار وسطی ایشیائی ممالک بشمول ترکمانستان، کرغزستان، آذربائیجان اور قازقستان کے سفیروں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف، کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور قازقستان کے سفیر یرڑان کستافین کے دورہ کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ سفیروں اور لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے لاہور چیمبر میں چار ممالک کی طرف سے قائم کردہ بزنس کیوسک کا بھی افتتاح کیا جس سے تجارت کو ایک فروغ ملے گا۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، قازقستان کے اعزازی قونصلر راوخالد ایم خان اور رضوان فرید نے بھی خطاب کیا ۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا وسطی ایشیائی ممالک تیل، قدرتی گیس اور پن بجلی کے وسائل سے مالا مال ہیں زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔چاروں ملکوں کے سفیروں نے بھی مختلف شعبوں میں پاکستان کے تجارت اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔