حضرت عثمان غنیؓ کے آئیڈیل طرز حکمرانی کو لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے: عبدالخبیر آزاد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد لاہور میں خلیفہ سوم امیرالمومنین حضرت سیدنا عثمان غنیؓ کی یوم شہادت کے عنوان سے جمعۃ المبارک کے اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے حبیب مقصود کائنات امام الانبیاء حضرت محمد مصطفیؐ کو پوری کائنات انسانی اور سارے جہانوں کیلئے رحمۃ للعالمینؐ بنا کر مبعوث فرمایا ہے۔ حضرت عثمان غنیؓ اعلیٰ سیرت و کردار کے ساتھ ساتھ اپنی سخاوت میں بے مثال تھے،آپ کا دور خلافت ایک آئیڈیل حکمرانی کا نمونہ تھا جس کو لے کر ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔فلسطین و غزہ میں خواتین اور معصوم بچوں کا قتل عام کر رہا ہے، آج عالمی برادری اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور دیگر اسلامی ممالک فلسطین و غزہ میں اسرائیلی قتل عام، اسرائیلی دہشت گردی اور ظلم و بربریت رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بعد نماز جمعہ فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی مدد و حفاظت، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کی حفاظت، ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء کی گئی۔