• news

پاکستان بزنس فورم فرانس اور انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن برطانیہ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے )  پاکستان بزنس فورم فرانس کے چیئرمین سردار ظہور اقبال اور بانی صدر حاجی اسلم چوہدری کی کاوشوں سے  پاکستان بزنس فورم فرانس اور انٹرنیشنل بزنس اینڈ  پروفیشنل کارپوریشن برطانیہ نے تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کردیئے ، فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نیایم او یو پر دستخط کی اس تقریب میں خصوصی شرکت کی ، اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد تجارتی سرگرمیوں اور پاکستانی مصنوعات کو فرانس میں فروغ دینا ہے۔
سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس کی سرمایہ کاری کے لئے کوششیں قابل تحسین ہیں ، حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بہت سے مثبت اقدامات کررہی ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بہت پرکشش مراعات دے رہی ہے ، اور اس کے لئے کچھ شعبے بھی مْختص کردئے گئے ہیں ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سفارتخانہ آپ کے شانہ بشانہ ہے ، 
چیئرمین بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال  نے اپنے خطاب میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) کے کام کو سراہا جو سرمایہ کاری اور معاشی نمو کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے سمندر پار کاروباری برادری پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، اور ہمارا ان سے مکمل رابطہ ہے اور اس حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔ 
بانی صدر حاجی اسلم چوہدری نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت پیش کردہ مواقع سے استفادہ کے لئے فرانس اور یورپ بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد کا پاکستان کا دورہ متوقع ہے جو ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع اور یورپ کے لئے پاکستان کی برآمدات کے فروغ کا جائزہ لے گا، سینئر نائب صدر حمزہ تاج سکھیرا نے کہا کہ غیرملکی پاکستان میں سرمایہ کاری صرف اپنے منافع کے لئے کرتے ہیں اور اوورسیز پاکستانی وطن سے محبت کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرتے ہیں.
جنرل سیکریٹری بزنس فورم یاسر خان نے برطانیہ سے آئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ساتھ ملکر یوکے اور یورپ بھر میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لئے کام کرنے پر زور دیا ، سیکریٹری انٹرنیشنل افیئرز سلمان اسلم نے بزنس فورم فرانس کے قیام سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ 
انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کارپوریشن برطانیہ کے چیئرمین رضوان سلہریا  اور سینئر نائب صدر عامر خان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے حوالیسے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ سردار ظہور اقبال نے ہمیں فرانس کی دعوت دی اور ملکر پاکستان کے لئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس خوبصورت تقریب میں یوکے سے انٹرنیشنل بزنس اینڈ پروفیشنل کوآپریشن کے چیئرمین رضوان سلہریا ،  سینئر وائس چیئرمین عامر خان ،  وائس چیئرمین خلیل چوہدری ، وائس چیئرمین نصیر احمد اور  میڈیا کوآرڈینیٹر نسیم میر نے شرکت کی۔ 
تقریب میں فرانس سے پاکستان بزنس فورم فرانس کے چیئرمین سردار ظہور اقبال ، بانی صدر حاجی محمد اسلم چوہدری ، جنرل سیکریٹری یاسر خان ، سینئر نائب صدر حمزہ تاج سکھیرا ، وائس چیئرمین چوہدری افضل سدوال ، چیف کوآرڈینیٹر صاحبزادہ عتیق ، معروف بزنس مین راجہ علی اصغر ، چوہدری گلزار لنگڑیال ، سیکریٹری انٹرنیشنل افیئرز سلمان اسلم ، محبوب سلطان ، محمد سلطان ، کمرشل قونصلر فرانس محترمہ مہوش عروج  اور پریس قونصلر محترمہ سجیلہ نوید نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن