2018 ء میں اناڑی نے سی پیک فیز ون کا بیڑہ غرق کیا:احسن اقبال
لاہور(کامرس رپورٹر )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں اقتصادی ترقی امن اور استحکام کے بغیر ناممکن ہے۔پانچ سال امن کے مل گئے تو پاکستان کو اس مقام پر چھوڑیں گے کہ ہمیں کسی کے آگے کشکول پھیلانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں الحمرا ہال میں پاکستان ٹیلیویژن کے پروگرام پیغام پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروگرام کے میزبان قاری سید صداقت علی، نامور صحافی مجیب الرحمن شامی،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی ڈاکٹر عبدالخبیر آزاد، ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء میں ایک اناڑی نے سی پیک فیز ون منصوبہ کا بیڑہ غرق کر دیا۔ موجودہ حکومت نے بڑی محنت کے بعد چین کا اعتماد بحال کیا ہے اور اب چین ہمیں معاشی طاقت بنانے کیلئے ہمارا بھر پور ساتھ دے رہا ہے لیکن اس کے لئے ملک میں امن قائم ہونا ضروری ہے اگر ہم۔ملک میں امن قائم نہ رکھ سکے تو دوست ممالک بھی ہم سے دور ہو جائیں گے۔ تقریب سے مجیب الرحمن شامی، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،ڈاکٹر عبدالخبیر آزاد، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان ٹیلیویژن نے ہمیشہ پاکستانیت کا پرچار کیا ہے،پیغام پاکستان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے۔