غزہ: 4 بچوں سمیت 70 شہید، بمباری کے سبب شجاعیہ سے 60 ہزار فلسطینی بے گھر
تل ابیب + غزہ (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی+آئی این پی) غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کے گزشتہ رات کیے گئے حملوں میں4 بچوں سمیت 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شجاعیہ، المواسی اور مغازی کیمپ پر بم برسائے‘ 4 بچے شہداء میں شامل ہیں۔ بمباری سے متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا ہے کہ غزہ کے علاقے شجاعیہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں کے بعد کم ازکم 60 ہزار فلسطینی بے گھر ہوگئے۔ ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے علاقے المواسی میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں5 ہزار فلسطینی بے گھر ہوگئے جب کہ کئی افراد زخمی ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو کی زیرصدارت کابینہ کااجلاس ہوا۔ جس میں مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ اسرائیلی کابینہ نے فلسطینی اتھارٹی کے رہنمائوں اور عہدیداروں پر پابندیاں عائد کرنے کی منظوری بھی دی۔ غزہ میں پانی کیلئے جمع فلسطینیوں پر بم برسا دیئے۔ بچے سمیت الغازی خاندان کے 4 افراد شہید ہوئے۔ جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ایران نے اسرائیل کو خبردار کیا حزب اﷲ سے کشیدگی بڑھانے پر تباہ کن جنگ کا سامنا ہو گا۔