• news

نوازشریف، مریم  کی زیرصدارت اجلاس، مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری

مری (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف کی زیر صدارت 5گھنٹے طویل خصوصی اجلاس مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی گئی۔ ڈویلپمنٹ، بیوٹی فیکیشن، ٹرانسپورٹ، تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس منظور کئے گئے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بریفنگ دی۔ راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ ٹورسٹ گلاس ٹرین کے لئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مال روڈ پر مری کے قدرتی مناظر میں حائل ہائی رائز ہوٹل بلڈنگ ہٹانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ جی پی او چوک سے ہوٹل متبادل مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ مال روڈ پر قدیمی عمارتوں کی یکساں صورت، سائن اور کلر سکیم نافذ کرنے کی ہدایت کی۔ مری سمیت ہر شہر، علاقے، تاریخی عمارات کے قدیمی نام بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مری میں تعمیرات کے لئے بلڈنگ لاز میں ترمیم، منظوری کا اختیار صوبائی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔ غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے والے حکام کے خلاف کارروائی کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے قلیل، اوسط اور طویل المدتی جامع پلان پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ سسٹم کی مرمت اور بحالی کی جائے گی۔ مری میں روزانہ 6 لاکھ گیلن سے زائد صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔ مری کے دیہات کی 53 کلومیٹر سٹریٹ میں آر سی سی اور ٹف ٹائل لگائی جائیں گی۔ مری میں بارش کو ذخیرہ کرکے گھریلو استعمال میں لانے کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ گھروں کی چھتوں سے گرنے والے بارشی پانی کو محفوظ کر کے سٹور کیا جائے گا۔ 1100سے زائد گھروں میں بارشی پانی محفوظ کرنے کے پر اجیکٹ حکومت معاونت کرے گی۔ اولڈ راولپنڈی، مری کشمیر روڈ کی تعمیر و توسیع کی منظوری دی گئی۔ اولڈ مری روڈ میں عارضی پارکنگ کی جگہ بھی بنائی جائے گی۔ بانسرہ گلی وائلڈ لائف پارک میں ٹری ہاؤس، کیمپنگ سائٹ، واک ویز، ٹیرس پارکنگ ایریا بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مری بائیو ڈاؤرسٹی پارک میں سیاحوں کیلئے ہٹس سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے قدیمی نام بحال کرنے کے لئے فوری قانون سازی اور ہر شہر میں تاریخ اور روایات سے مناسبت سے یادگار لگانے کی ہدایت کی۔ نواز شریف نے کہاکہ غریب آدمی کو تنگ نہ کیا جائے، حکومت سٹال خود لگا کر دے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ مری شہر پہلے سے بہت بہتر ہو چکا ہے، عوام کے لئے بہترین بنائیں گے۔ مریم نواز نے اٹک میں ایمبولینس اور ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور  زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا  کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن