صدر‘ وزیراعظم کا مراکش کے شہنشاہ کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مراکش کے شہنشاہ محمد ششم کی والدہ محترمہ شہزادی لالہ لطیفہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نے اتوار کو ایکس پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں شہنشاہ محمد ششم کی والدہ کے انتقال پر ان کے اہلخانہ اور مراکش کے عوام سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے مراکش کے بادشاہ محمد ششم کی والدہ شہزادی لالہ لطیفہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پوری پاکستانی قوم کی جانب سے بادشاہ محمد ششم کی والدہ کے انتقال پر ان سے دلی اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ دے اور درجات بلند فرمائے۔