• news

راولا کوٹ جیل سے بھارت کو مطلوب قیدی سمیت 20 فرار، ایک پولیس مقابلے میں ہلاک

مظفر آباد (نامہ نگار+ نیٹ نیوز) راولاکوٹ ڈسٹرکٹ جیل سے سزائے موت کی سزا پانے والے اور دہشت گردی کے مقدمات والے انتہائی خطرناک 13 ملزموں و مجرموں سمیت 20 قیدی فرار ہو گئے، ایک زخمی قیدی فرار ہوتے ہوئے دم توڑ گیا۔ عدالت سے قتل کے مقدمات میں سزائے موت پانے والے قیدی بھی شامل ہیں۔ ثاقب مجید، فیصل، اسامہ مرتضیٰ، ساجد نذیر، غازی شہزاد، بیت اللہ،کلیم، مکرم فیصل، عامر عبداللہ، آصف، سہیل رشید، شامیر، نادر یاسین، عثمان افراد، خیام، عمامم مصطفیٰ، فیضان عزیز، شبیر عاقل، نعمان آصف شامل ہیں۔ قیدیوں نے گن پوائنٹ پر پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا۔ پولیس نے فرار ہونے والے قیدیوں پر فائرنگ بھی کی جس سے ایک قیدی مارا گیا۔ سکیورٹی پر مامور اہلکار کی آنکھوں میں مرچیں ڈالنے کے بعد باقی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ کمانڈر شہزاد دہشت گردی کے مقدمات میں پابند سلاسل تھا۔ کالعدم تنظیم کا رکن اور بھارت کو مطلوب تھا۔ راولا کوٹ، باغ سمیت تمام داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے راولا کوٹ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ جبکہ مظفرآباد، و دیگر اضلاع میں بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے مشیر برائے جیل خانہ جات سردار احمد صغیر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کر لی۔جیل سکیورٹی پر مامور 7 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی ریاض مغل کے مطابق قیدیوں کے فرار ہونے میں جیل عملہ ملوث ہو سکتا ہے۔ مفرور قیدیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن