• news

سیاست میں مذاکرات مسائل کا حل، آئندہ الیکشن 2029ء میں ہونگے: عطا تارڑ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے بزرگ اور قابل احترام سیاستدان ہیں۔ سیاست میں تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ہے، موجودہ صورتحال میں بیان بازی کی بجائے پارلیمان میں سیاست ہونی چاہئے۔ اتوار کو جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی بہتر معاشی حکمت عملی سے ملکی سٹاک ایکسچینج تاریخی بلندی پر ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔ تجارتی خسارہ کم ہونے کے ساتھ روپے کی قدر مستحکم ہونا خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ انتخابات انشاء اللہ2029 ء میں مقررہ وقت پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ اور زیرک سیاست دان ہونے کے ناطے مولانا صاحب کو حکومت کے معاشی بہتری کے اقدامات کو سراہنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن