• news

جمہوریت کی قوت پارلیمانی اداروں کی مضبوطی میں ہے، مریم نواز: دستک پروگرام نمائندوں کی رجسٹریشن شروع

  لاہور  ( نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پارلیمانی نظامِ حکومت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پارلیمانی جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ پارلیمنٹ ہماری جمہوریت کی بنیاد اور معاشرے میں انصاف اور مساوات کے اصولوں کی محافظ ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پارلیمانی نظام شفافیت، جوابدہی، اور حکمرانی میں عوام کی نمائندگی کو یقینی بناتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی ایوانوں کے ارکان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ جمہوریت اور انصاف کی اقدار کو برقرار رکھنے کی کاوشیں کرنے والے پارلیمنٹیرینز قابل تحسین ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مضبوط پارلیمنٹ انتہائی ضروری ہے۔ جمہوریت کی قوت پارلیمانی اداروں کی مضبوطی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پارلیمنٹری ڈویلپمنٹ یونٹ اور ریسرچ سنٹر قائم کیا گیا ہے۔پارلیمانی ڈویلپمنٹ یونٹ جمہوری اصولوں کے مطابق ارکان اسمبلی کی معاونت کرے گا۔ علاوہ ازیں  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر دستک نمائندوں کی رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے۔پنجاب میں لاکھوں نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔  دستک پروگرام کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دفاتر کے چکر کاٹنے کی بجائے گھر بیٹھے بٹھائے تمام سروسز میسر ہونگی۔کرپشن اور استحصال کا خاتمہ ہوگا۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے انقلابی دور میں داخل ہو چکا ہے۔ عوام کی زندگیوں میں بھر پور آسانیاں لارے ہیں۔ نوجوان با عزت طریقے سے روزانہ ہزاروں روپے کما سکیں گے۔نمائندوں کی اہلیت کے لیے متعلقہ پولیس سٹیشن سے کلیرنس سرٹیفکیٹ، ذاتی موٹر سائیکل اور لائسنس کا ہونا لازم ہوگا۔میرٹ پر آنے والے دستک نمائندوں کو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن