• news

رواں سال خیبر پی کے میں 1400 سے زائد آپریشنز کے دوران 124 دہشتگرد مارے: سی ٹی ڈی رپورٹ

پشاور (بیورو روپورٹ+نوائے وقت رپورٹ+) خیبرپی کے میں رواں برس ہونے والے دہشتگردی کے واقعات اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کی کارروائیوں سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔ سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک 55 دہشتگرد حملوں کو ناکام بنایا گیا، 322 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا اور 124 کو ہلاک کیا گیا۔ محکمہ انسداد دہشتگردی کا بتانا ہے کہ رواں سال دہشتگردوں کے خلاف 1433 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہوئے۔ سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق 2خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرکے پشاور کو بڑی تباہی سے بچایا گیا۔ کارروائیوں میں محسن قادر گروپ، بیٹنی پڑاکیے گروپ، ٹیپو گل گروپ اور ضرار گروپ کو انجام تک پہنچایا گیا جبکہ سنتا گروپ، ٹی ٹی پی گنڈاپور گروپ کے کمانڈرز اور ان کے ساتھیوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکا خیز بارود کی سمگلنگ میں ملوث 14 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ 18 دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی گئی تھی جن میں سے انتہائی مطلوب 10 دہشتگردوں کو گرفتار جبکہ 8  کو آپریشنز میں ہلاک کیا گیا۔ سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق رواں سال 273 دہشتگرد حملے ہوئے جبکہ حملوں میں 118 پولیس اہلکاروں اور افسران کو ٹارگٹ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن