پی ایچ اے نے گزشتہ مالی سال 2.35 ارب کی ریکارڈ آمدن حاصل کی:طاہر وٹو
لاہور(نیوز رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور نے مالی سال 24-2023 میں مختلف کاروباری منصوبہ جات سے 2.35 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کی ہے جو 23-2022 میں کمائے گئے 1.60 ارب سے 75 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ آج یہاں جاری ایک بیان میں ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر وٹو نے بتایا کہ شعبہ مارکیٹنگ نے 23-2022 میں کمائے گئے 1.19 ارب روپے کے مقابلے میں 24-2023 میں 1.44 ارب روپے کمائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے نے ڈیجیٹل سٹیمرز، ایل ای ڈی سکرینوں، شاپ بورڈز، کمرشل نرسریوں، گفٹ شاپس اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نظرثانی شدہ این او سی کی فیسوں اور دیگر کاروباری اقدامات سے مالیاتی اہداف سے زائد آمدن حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے ملازمین کی محنت اور ادارہ جاتی اصلاحات سے ریونیو میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اہل لاہور کو سرسبز ماحول کی فراہمی ممکن ہوئی ہے جس سے لاہور حقیقتاً پھولوں اور باغات کا شہر بن گیا ہے۔