آئی جی کی 2 افراد کے قتل کا نوٹس،آر پی او ڈی جی خان سے واقعہ کی رپورٹ طلب
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راجن پور میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔آئی جی نے ڈی پی او راجن پور کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداء کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ راجن پور پولیس کے شہید شکیل احمد کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق مہر فیاض کالونی تحصیل شالیمار ضلع لاہور میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ضروریات زندگی کی سہولیات سے آراستہ گھر کی مالیت ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ہے۔ شہید کانسٹیبل شکیل احمد نے گذشتہ برس جون میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہید کے لواحقین میں ایک زوجہ 2 بیٹیاں اور 4 بیٹے شامل ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل شکیل احمد کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ پنجاب پولیس 1600 سے زائد بہادر شہدا اور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے جن کی بہترین ویلفیئر کیلئے محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔