ڈرگ فری پنجاب مہم :پنجاب پولیس کا سخت کریک ڈاؤن جاری ، 289 چھاپے
لاہور(نامہ نگار)وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب مہم میں پنجاب پولیس کا سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلرز اور اسمگلرز کے ٹھکانوں پر پولیس کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی۔ ایک روز میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 289 چھاپے مارے گئے۔مکروہ دھندے میں ملوث 141 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 135 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان کے قبضہ سے 50 کلو گرام چرس ، 1 کلو ہیروئن،آدھا کلو آئس اور 1563 لٹرز شراب برآمد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 26 فروری سے جاری اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کے دوران صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں نے 33572 چھاپے مارے،منشیات فروشی میں ملوث 16 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 15693 مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 9366 کلو گرام چرس، 162 کلو گرام ہیروئن،269 کلو افیون، 45 کلو سے زائد آئس اور 16 لاکھ 77 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔