لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات آج سے شروع ہوں گی
لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات آج ( پیر ) سے شروع ہوں گی ،عدالتی چھٹیوں کے دوران سماعت کے لئے مقرر ہونے والے مقدمات کی کیٹیگری کا مراسلہ جاری کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں یکم جولائی سے 31اگست تک موسم گرما کی تعطیلات ہوں گی۔جس کی وجہ سے ہائیکورٹ میں اب سے صرف ضروری نوعیت کی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔عدالت عالیہ میں حبس بے جا ، بازیابی کے متعلق درخواستیں وصول کی جائیں گی،ضمانت منسوخی ، اخراج مقدمہ کے متعلق درخواستیں دائر ہوسکیں گی۔ایڈیشنل سیشن جج کے اندراج مقدمہ کے حکم کے خلاف درخواستیں دائر ہوسکیں گی ،سول اور فوجداری کیسز میں راضی نامہ کے متعلق متفرق درخواست دائر کی جاسکیںگی ۔قائمقام چیف جسٹس اور بنچز کے سینئر ججز کی منظوری سے بھی کوئی ضروری کیس مقرر ہوسکے گا،ضمانت قبل گرفتاری ، بعد از گرفتاری اور حبس بے جا کے مقدمات ریگولر حیثیت میں سنے جائیں گے۔عدالتوں کی جانب سے مقرر کیسز کی سماعت ہوگی،سزا کے خلاف راضی ناموں کی درخواستوں کی سماعت ہوسکے گی ،قائم مقام چیف جسٹس یا بنچز کے سینئر ججز کی منظوری سے کوئی بھی ریگولر کیس سماعت کے لئے مقرر ہوسکے گا۔