• news

 آٹا مصنوعی مہنگا کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں گے‘وزیر خوراک 

لاہور( این این آئی)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ خوراک کی صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 523 فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی چیکنگ کی گئی۔ گراں فروشی، نامکمل لیبلنگ اور ناقص انتظامات پر 7 لاکھ 20 ہزار کے جرمانے جبکہ متعدد کووارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویژن میں 25، فیصل آباد 43 اور ساہیوال میں 33 مقامات پر چیکنگ کی گئی۔ راولپنڈی ڈویژن میں61، سرگودھا 77، ملتان ڈویژن میں 38، بہاولپور 35 اور ڈی جی خان میں 89 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔ اسی طرح گجرات ڈویژن میں 85 جبکہ گوجرانوالہ میں37 مقامات کی چیکنگ ہوئی۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنیوالوں کیخلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنیوالوں کو بے نقاب کیا جارہا ہے۔ وافر سٹاک کی موجودگی میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔ وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن