• news

بجلی کی طویل بندش، صوابی میں مکمل ہڑتال، لیسکو کیگٹری 5 فیڈرز پر 5 گھنٹے لوڈشیڈنگ

  لاہور (نوائے وقت رپورٹ) دو روز قبل (ہفتے کی شام) ہونے والی بارش کے بعد فیڈرز بروقت بحال نہ کرنے پر لیسکو کے 3 افسر معطل کر دیئے گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے چیف انجینئر آپریشنز عباس علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ معطل ہونے والوں میں ایس ڈی او جی او آر عثمان قدیر، ایکسیئن سول لائنز کامران نوید اور ایس ای سنٹرل جمشید زمان شامل ہیں۔ صارفین کو درپیش مشکلات کے حل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران لیسکو ریجن میں 213 فیڈرز متاثر ہوئے، بارشوں کے موسم میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات مکمل ہیں، مٹیریل کی کمی کے حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ اس وقت ہائی لاسز فیڈرز کے علاوہ کسی فیڈر پر لوڈ شیڈ نگ نہیں ہو رہی۔ انجینئر شاہد حیدر نے کہا کہ کیٹیگری تھری کے 136 فیڈرز پر 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، کیٹیگری فور کے 68 فیڈرز پر 4 گھنٹے جبکہ کیٹیگری فائیو کے42 فیڈرز پر 5 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا کہ  12 گھنٹوں کے دوران لیسکو کے 2169 فیڈرز میں سے صرف 73 فیڈرز پر تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔ صوابی سے آئی این پی کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ  کے خلاف صوابی میں ایکشن کمیٹی کی کال پر شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔ شہریوں نے کاروباری مراکز اور اہم شاہراہیں بند کر دیں۔ مظاہرین کارخانو چوک، ٹوپی، زیدہ سٹی، شیوہ اڈہ، امن چوک اور دیگر مقامات پر جمع ہو گئے اور رکاوٹیں کھڑی کر کے روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن