بھٹو کیخلاف بیان پر ایم کیو ایم معافی مانگے‘ گورنر سندھ مستعفی ہوں: پیپلز پارٹی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایم کیوایم ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف بات کرنے پرمعافی مانگے اور گورنر سندھ مستعفی ہوں۔ کراچی میں وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن اور وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے پریس کانفرنس کی جس میں شرجیل میمن نے کہا کہ منہ توڑ جواب دینا ہمیں بھی آتا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ حلفیہ کہتے ہیں ایم کیو ایم نے کبھی کسی باضابطہ ملاقات میں کوٹہ سسٹم ختم کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ شہید بھٹو پر ملک تقسیم کرنے کا الزام لگانا شرمناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ کی رابطہ کمیٹی میں آدھے سے زیادہ سرکاری ملازم بیٹھتے ہیں، ماضی میں سارے ٹارگٹ کلرز واٹر بورڈ اور کے ایم سی کے ملازم ہوتے تھے، خالد مقبول کی سیاسی حیثیت صفر جمع صفر جمع صفر ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے انہوں نے منافرت کی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے لیکن یہ دم ٹیڑھی کی ٹیڑھی رہی۔