• news

بجلی بلز‘ ٹیکسز: جماعت اسلامی 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دے گی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بجلی بلوں اور ٹیکسز میں اضافہ کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کر دیا۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک کے تحت وفاقی دارالحکومت میں 12جولائی بروز جمعہ کو دھرنا دیا جائے گا۔ شٹرڈاؤن ہڑتال کے لیے بھی مشاورت جاری ہے، کسی بھی وقت اعلان کر سکتے ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے، اس کے پاس کوئی دوسری صورت نہیں، اسے پیچھے ہٹنا ہو گا۔ عوام کو ریلیف دو، بجلی کے بل اور ٹیکسز کم کرو۔ ہم اسلام آباد میں بیٹھیں گے اور وہیں سے پورے پاکستان کا کیس لڑیں گے۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے ’’حق دو عوام کو تحریک‘‘ کا آغاز منصورہ میں ملک بھر سے آئی ہوئی جماعت اسلامی کی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجلی کے بل بم بن گئے۔ عوام بلوں کی ادائیگی کے لیے گھر کی اشیاء اور خواتین زیور فروخت کر رہی ہیں۔ پٹرول، گیس کی قیمتیں بڑھا دی گئیں، آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد مزید اضافے کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔ حکمران طبقات، ارکان اسمبلی، سول ملٹری بیوروکریسی اور ججز اپنی مراعات کے لیے ایک ہو گئے۔ نوجوان اور پروفیشنلز مایوس ہو کر ملک سے بھاگ رہے ہیں۔ تنخواہ دار طبقہ انتہائی اذیت کا شکار ہے، ملک کے طول و عرض میں طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ آئی پی پیز بجلی پیدا نہ کر کے بھی اربوں کے کیپسٹی چارجز وصول کر رہی ہے۔ عوام کو دبانے، فوجی آپریشنز اور فارم 47 سے مسلط ہونے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ حکمران اپنی مراعات اور عیاشیاں ترک کریں، وزیراعظم نے برملا اعتراف کیا کہ بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے تیار کیا، امریکی ایوان نمائندگان کی پاکستان میں جمہوریت سے متعلق قرارداد پر سوال کے جواب میں کہا کہ کسی بھی ملک کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں تاہم یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ مداخلت کے مواقع کیوں ملتے ہیں۔ حکومت دھرنا کو روکنے کی کوشش نہ کرے اس سے مزاحمت میں مزید اضافہ ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن