• news

5 سابق نیوی افسروں کی سزائے موت پر عمل روکنے کے حکم میں توسیع 

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے5  سابق نیوی افسروں کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کر دی جن کا کراچی میں قائم نیوی ڈاکیارڈ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں کورٹ مارشل کیا گیا تھا۔ جسٹس بابر ستار نے سزائے موت پانے والے سابق نیوی افسروں کی درخواست پر سماعت کی، پاکستان نیوی کی جانب سے رپورٹ  پیش کی گئی۔ رپورٹ میں پاکستان نیوی نے بتایا کہ کورٹ مارشل کی کارروائی شیئر نہیں کی جا سکتی۔ اس پر جسٹس بابر ستار نے پاک بحریہ کے نمائندے سے استفسار کیا کہ آپ چاہتے ہیں میں فیصلہ کر دوں؟ جس پر نمائندہ پاک بحریہ نے ہدایات لینے کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے کہ آپ کوئی وجوہات نہیں بتا رہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی؟ یہ بتانا کہ سزائے موت کیوں دی گئی یہ کوئی خفیہ مسئلہ نہیں، میرے سامنے ایک ہی سوال ہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی؟ وجوہات بتائی جائیں۔ بعد ازاں عدالت نے ہدایات لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن