مہنگی بجلی ، پڑول ، ٹیکسز کیخلاف تاجر وں کا کہیں ململ ، کہیں جزوی شٹرڈائون ، ریلیاں
اسلام آباد؍ راولپنڈی؍ پشاور؍ قصور؍ حافظ آباد؍ چونیاں؍ خانقاہ ڈوگراں (نمائندہ خصوصی+ بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) حکومت کی جانب سے بجٹ میں ٹیکسز کی بھر مار کرنے اور مہنگی بجلی، گیس، پٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں تاجروں نے احتجاج کیا ہے۔ راولپنڈی میں تاجر تنظیموں کی گروپ بندی کے باعث تمام مارکیٹوں میں علامتی طور پر دو گھنٹے تک شٹر ڈاؤن نہ ہو سکا تاہم تاجروں نے ریلی نکالی۔ تاجروں نے بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ٹیکسز کے خلاف نعرے بازی کی اور گیس کے بلز بھی جلا دیئے۔ راولپنڈی کے بینک روڈ پر احتجاجی مظاہرے میں کشمیر روڈ، حیدر روڈ اور دیگر بازاروں کے تاجر شامل ہوئے۔ تاجروں کے ایک دھڑے نے چار بجے علامتی طور پر کاروبار بند رکھ کر احتجاج بھی کیا۔ اس کے علاوہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر آبپارہ چوک میں تاجروں نے بھر پور احتجاج کیا اور آبپارہ کی مرکزی شاہراہ بلاک کر دی۔ پولیس کی بھاری نفری مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پہنچی جبکہ شہر بھر سے تاجروں کے قافلے آبپارہ چوک احتجاج کیلئے پہنچے۔ پشاور میں ہڑتال کے معاملے پر تاجر دو حصوں میں تقسیم ہوگئے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال نہ ہو سکی تاہم تاجروں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ریلی نکالی۔ ریلی کے باعث جی ٹی روڈ، اشرف روڈ، چوک یا دگار، قصہ خوانی اور ارد گرد کے علاقوں میں ٹریفک کا نظام شدید ترین متاثر ہوا۔ ریلی کے شرکاء نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی، اضافی ٹیکسز کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے جبکہ جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف باقی تمام معاملات کو بریک کر کے بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز کے معاملہ پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی کال پر بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف پیر کو پہلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت سمیت ملک گیر احتجاج کیا گیا جس میں تاجروں سمیت عوام نے بھرپور شرکت کرکے بجلی قیمتوں میں آئی ایم ایف کے ایماء پر کیا جانے والا اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ ترجمان مرکزی تنظیم تاجران پاکستان ضیاء احمد راجہ کے مطابق اسلام آباد میں احتجاج کی قیادت صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے کی جبکہ راولپنڈی ،ملتان ،لاھور ،کوئٹہ ،پشاور ،کراچی ،سکھر ،حیدر آباد ،نواب شاہ ،میر پور خاص، ملتان ،بہاولپور ،رحیم یارخان ،وہاڑی، چنیوٹ ،لیہ ،مظفر گڑھ ، جھنگ ،گوجرانوالہ ،گجرات، سیالکوٹ ،کھاریاں ،فیصل آباد ،وزیر آباد ،حافظ آباد ،راجن پور ،ڈیرہ غازیخان ،وہاڑی ،نوشہرہ ،مردان سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ کاشف چوہدری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف شہر شہر زبردست احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کا سلسلہ آج اور کل بھی جاری رہے گا خواتین بلوں کی ادائیگی کیلئے زیور بیچنے پر مجبور ہیں۔ رات کی تاریکی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا ظالمانہ اضافہ کر دیا گیا۔ آئی ایم ایف کی ہدایت پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام دشمن حکومت نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے۔ مرکزی انجمن تاجران کے زیراہتمام بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف فوارہ چوک تا حافظ آباد پریس کلب احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ قیادت مرکزی انجمن تاجران کے صدر شیخ محمد امجد، حافظ امانت علی، حاجی شیخ محمد رفیق، ملک یاسر نور اور حافظ سرفراز احمدخواجہ قیصر انور وائیں نے کی۔ مرکزی انجمن تاجران کے زیر اہتمام بجلی پیٹرول گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف راولپنڈی پریس کلب کے باہر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت قائم مقام صدر طارق جدون نے کی جبکہ شیخ آصف ادریس، رانا خرم، قاری خالد، سیف اللہ خان، چوہدری فاروق، اکرام گوشی سمیت دیگر عہدیداران اور ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے ہوشربا مہنگائی کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر طارق جدون نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظالمانہ ہے۔ شہریوں شاہد، طلحہ، حارث، قدوس، معراج، شفیق وغیرہ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے کیا مہنگائی کے سبب دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا مشکل ہو گیا۔ چوک نور مسجد قصور تک ریلی نکالی گئی مظاہرین نے موقف اختیار کیا ہے کہ گیس،بجلی پر ٹیکس اور عوام پر ناجائز ٹیکسز لگا کر حکمران ظلم کر رہے۔ مظاہرین نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اسی طرح انجمن تاجران چونیاں نے مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور زائد بجلی بلوں میں ناجائز ٹیکسوں کی مذمت کی ہے۔اس موقع پر صدر مرکزی انجمن تاجران صوفی حنیف نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ ساتھ کررہی ہے۔ تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد سیاہ پٹیاں باندھ کر لیسکو کے خلاف احتجاج کیا۔ مہنگائی، بجلی،بے جا ٹیکسسز کے کیخلاف، پاکستان کسان اتحاد تاجر، اساتذہ اور عام شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ حکومت بجلی کے بلز میں ظالمانہ اضافی ٹیکسز کے فیصلے کو واپس لے مرکزی انجمن تاجران چونیاں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مرکزی انجمن تاجران کے زیر اہتمام بجلی بلوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف خانقاہ ڈوگراں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔تاجروں کی بڑی تعدادنے احتجاجی ریلی میں شرکت کی۔تاجروں نے بینرز اٹھاکر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔صدر شیخ زمرد اقبال، چیئرمین حاجی محمد یونس،نائب صدر راناسکندر،جنرل سیکرٹری مظہر اقبال شیرازی اور چیئرمین موبائل ایسوسی ایشن مدثر علی بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی بلوں نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی بلوں میں اضافہ کو واپس لیا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔