• news

تماشا بنا ہوا ہے ایک آیا ہے دونہیں ہوتے : خصوصی عدالت ، گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کیخلاف تھانہ سنگجانی اور آئی 9 میں درج مقدمات کی سماعت کی۔ علی نواز اعوان، واثق قیوم، عامر کیانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور، عامر مغل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اپریل 2024 کے بعد سے ہونے والی سماعتوں میں علی امین پیش نہیں ہوئے، تماشہ بنا ہوا ہے ایک آتا ہے دو نہیں ہوتے، تمام غیر حاضر  کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررہے ہیں۔ فاضل جج نے کہا کہ جو ملزم 8 تاریخ کو نہیں آئیں گے ان کو اشتہاری قرار دوں گا، عدالتی مفرور کو اشتہاری قرار دینے کیلئے تیس دن ضروری نہیں ہیں، میں نے ان کیسز کو انجام تک پہچانا ہے آپ کا ہی اس میں فائدہ ہوگا، اگر کیسز میں جان ہوئی تو چلیں گے ورنہ فارغ ہوں گے، 8 جولائی کے بعد انشاء اللہ کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پیشی کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔ دریں اثناء علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد جلسہ میں بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا۔ آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی ہے۔ تمام کارکن رابطے بحال کریں‘ لوگوں کو کس طرح نکالنا ہے پلاننگ کریں‘ جلسے سے متعلق اس ہفتے میٹنگ بلا رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورا پلان بنا کر بھرپور شرکت کریں گے اور جلسہ کامیاب بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن