ایرانی وفد کا یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کا دورہ‘ 3 معاہدوں پر دستخط
لاہور( لیڈی رپورٹر) ایرانی یونیورسٹیز کے 11رکنی وفد نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کا دورہ کیا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید نے کی‘ اس موقع پر تین معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں تحقیق اور علم کا تبادلہ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے، اور سائنسی منصوبوں کی ترقی شامل ہیں۔ ایرانی وفد کی قیادت ڈاکٹر سید ابوالحسن نواب، بانی اور یونیورسٹی آف ریلیجنز اینڈ ڈینومینیشنز ایران کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین کر رہے تھے۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے وفد کی قیادت وائس چانسلر نے کی، پرنسپلز اور ڈائریکٹرز بھی شامل تھے۔ وی سی ڈاکٹر محمد عالم سعید نے ایرانی وفد کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر سید ابوالحسن نواب نے سائنس اور ٹیکنالوجی میں پاکستان کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو سراہا۔تقریب میں جوائنٹ ایجوکیشنل ایڈوائزر ایچ ای سی رفیق طاہر، ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی امان اللہ ملک، اور معزز فیکلٹی ممبران بھی شریک ہوئے۔