• news

سی سی پی او ،کمشنر کی صدارت اجلاس، محرم الحرام میںامن کیلئے سکیورٹی امورپر گفتگو 

لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور کمشنر لاہور زید بن مقصورکی صدارت میں ٹاؤن ہال میں لاہور ڈویژن کی امن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔جس میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کیلئے سکیورٹی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مجالس و جلوسوں کے اطراف واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، لائٹس،پیچ ورک اور متوقع بارشوں سمیت دیگرامور زیر غور رہے۔اس موقع پر امن کمیٹی کے ممبران، منتظمین اعزاداری جلوس، متولیوں، لائسنس ہولڈرز نے اجلاس کواپنی تجاویز پیش کیں اور محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔سی سی پی او نے کہا  محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کیلئے بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ محکمہ داخلہ کے جاری ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔ لاؤڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات کار اور روٹ کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ امن کے قیام میں علماء کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔ فرقہ ورانہ ہم آہنگی، اتحاد اور امن عامہ کیلئے امن کمیٹیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ علماء کرام قومی یکجہتی، امن اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔ مشنر لاہور زید بن مقصود نے کہا کہ ہمیں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ محراب ومنبر سے دیا جانیوالا باہمی احترام کا پیغام ہی انتظامیہ کا مقصد ہے۔

ای پیپر-دی نیشن