شیخوپورہ: نجی فیکٹری کے ملازمین کا مطالبات کے حق میں احتجاج
شیخوپورہ(نامہ نگارخصوصی)جوئیانوالہ موڑ کے قریب واقع نجی کارپٹس فیکٹری کے ورکر ز حکومت کی طرف سے مقررہ کردہ تنخواہ نہ ملنے ، 12 گھنٹے ڈیوٹی لینے، سوشل سیکورٹی کارڈ نہ بننے اور محکمہ لیبر کے افسروں کی فیکٹری مالکان اور انتظامیہ کیساتھ ملی بھگت کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے فیکٹری گیٹ پر احتجاجی بینرز آویزاں کرکے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی فیکٹری ورکرز نے بتایا کہ مذکورہ فیکٹری کی انتظامیہ سے بارہا مرتبہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ لیبر لاز ،سوشل سیکورٹی کارڈز ،ای او بی آئی سمیت حکومت کی طرف سے مقرر کردہ ٹائم اور تنخواہ ہمیں دی جائے مگر ہمارے مطالبات ماننے کی بجائے الٹا ہمیں فیکٹری سے نکالنے سمیت دیگر نوعیت کی سنگین دھمکیاںدی جاتی ہیں۔ ایڈمن منیجر نے بتایا کہ تمام فیکٹریو ں میں تقریبا 10 سے 12 گھنٹے ڈیوٹی لی جاتی ہے اور باقی رہی تنخواہ کی بات وہ حکومت نے ابھی بڑھائی ہے ہم بھی کوشش کر رہے ہیں ابھی انہیںاسی تنخواہ پر کام کرنا ہو گا۔ لیبر ڈیپارٹمنٹ کو سب معلوم ہے ہم 600 لوگوں کی سوشل سکیورٹی کی ادائیگی نہیں کر سکتے اس لیے چیدہ چیدہ لوگوں کی کنٹری بیوشن جمع کرارہے ہیں ۔