• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش حبس برقرارلوڈ شیڈنگ جاری ، کراچی کے 6شہری گرمی سے جاں بحق

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز علی الصبح موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد موسم میں مزید بہتری آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، پانی جمع ہونے کے باعث گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ بارش کی وجہ سے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر بادل خوب برسے۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ رواں ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں شدت کے ساتھ مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ طوفانی بارشوں کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی مون سون رپورٹ کے مطابق مشرقی بھارت میں پیدا ہونے والی موسم کی صورتحال اور شدید بارشوں کا سلسلہ پاکستانی علاقوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار رہی۔ ہیٹ سٹروک سے مزید 6 افراد انتقال کر گئے۔ واضح رہے کہ شہر قائد میں 21 سے 30 جون تک ہیٹ سٹروک سے اموات کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔ اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 206 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 8 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ دریں اثناء کراچی میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ رام سوامی نشتر روڈ اور ملحقہ علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنک کیخلاف مکینوں نے نشتر روڈ پر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے احتجاج کے دوران ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔ سڑک کی بندش کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گئی جس کے باعث گزرنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ، لاٹھی چارج کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔ دریں اثناء پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق امن وا مان کی صورتحال کے باعث یکم محرم سے دس محرم تک پشاور سمیت صوبے کے 13 اضلاع کو رات کے اوقات کار میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن