لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف درخواست چیف جسٹس کو بھجوا دی
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل زمان نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف درخواست دوسرے بنچ کے روبرو مقرر کرنے کیلئے درخواست چیف جسٹس کو واپس بھجوا دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے اسی نوعیت کی درخواست جسٹس شاہد کریم سماعت کر رہے ہیں، مناسب ہے کہ یہ پٹیشن بھی ادھر ہی مقرر ہو۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ملک میں 40 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، صرف 27 سے 28 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ شہروں میں 6 سے 8 گھنٹے اور دیہات میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ بجلی جیسی بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت لوڈ شیڈنگ کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے۔