آئی پی پیز معاہدوں کا از خود نوٹس لیں، اختر اقبال ڈار کا چیف جسٹس کو خط
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے معاہدے پاکستانی عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، ان معاہدوں کے بینیفشری عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے اپنے خزانے بھر رہے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان آئی پی پیز کے معاہدوں پر از خود نوٹس لے کر ان معاہدو ں کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور کیپسٹی چارجز کی مد میں اربوں روپے وصول کرنے والے آئی پی پیز کے خلا ف عالمی عدالت سے رجوع کیا جائے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط کے ذریعے کیا۔ خط کے مندرجات پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اختر اقبال ڈار نے کہا کہ عوام بجلی کے بلوں پر سخت پریشان ہے، بجلی کے بلوں پر بے جا بے شمار ٹیکس لگائے گئے ہیں جس سے ہر شخص ذہنی اذیت کا شکار ہو چکا ہے۔ ان بلوں کی ادائیگی کیلئے لوگ بیویوں کے زیور، گھر کی اشیاء تک فروخت کر رہے ہیں۔ اختر ڈار نے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں وزیر اعظم پاکستان اور تمام ارکان اسمبلی کو پہلے ہی خط لکھ چکے ہیں کہ ان معاہدوں پر نظر ثانی کیلئے اسمبلی میں بحث کی جائے اور یہ معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے۔