پاکستان بیلاروس کے درمیان مشاورت کا چھٹا دور، باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں ہوا جہاں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ شفقت علی خان اور بیلا روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی لوکاشیوچ کی قیادت میں وفود نے شرکت کی۔ فریقین نے سیاسی تعلقات اعلیٰ سطح پر روابط تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت اور سکیورٹی امور پر تعاون، تعلیم اور دو طرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان بیلاروس تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فریقین نے تعاون بڑھانے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم ایس سی او سمیت کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ بیلاروس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی لوکاشیوچ نے سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی سے بھی ملاقات کی اور اس دوران دو طرفہ تعاون کے شعبوں اور اہم علاقائی اور عالمی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک رواں برس سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔