پاکستان مخالف مہم چلانے پر پی ٹی آئی بے نقاب ہوگئی: عون چودھری
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری نے کہا ہے پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف مہم چلانے پر بے نقاب ہو گئی۔ اسلام آباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عون چودھری کا کہنا تھا کہ آپ محب وطن ہونے کا دعویٰ تو کرتے ہیں، لیکن اندر سے ملک دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ پاکستان کے خلاف مہم چلانے پر بے نقاب ہو گئے۔ مسلح افواج کے خلاف گھناؤنی مہم چلائی گئی، پی ٹی آئی کے لوگوں نے یہودیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف سازش کی۔ ہمیں معلوم ہے کہ لندن میں بیٹھے لوگوں کو پیسہ کون دے دیا ہے۔ یو این کے جس ورکنگ گروپ کو خط لکھا گیا وہ ایک سیمی ادارہ ہے، نو مئی کے شہداء اور اہل خانہ سے معافی مانگیں تو میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، جناح ہاؤس جلانے پر پی ٹی آٰئی کی لیڈر شپ کو معافی مانگنی چاہیے۔ پی ٹی آئی نے امریکا میں 2016ء میں پی آر فرم ہائر کی، اسی پی آر فرم نے زلفی بخاری متعارف کرایا، اس پی آر فرم کو کہا گیا کہ پی ٹی آئی لیڈر کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا ہے، میں پوچھتا ہوں کہ پی آر فرم کو دینے کیلئے ان کے پاس پیسے کہاں سے آئے۔ میں نے پی ٹی آئی کیلئے بہت قربانیاں دیں میں نے اس وقت لیڈر شپ کے سامنے آواز بلند کی کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے اور فرح گوگی اس کی فرنٹ میں ہے، لیکن لیڈر شپ کی جانب سے میری بات نہیں سنی گئی۔ پی ٹی آئی نوجوانوں کو گمراہ نہ کرے، پی ٹی آئی کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔ باہر بیٹھ کر اداروں کے خلاف مہم نہ چلائیں، پاکستان آ کر مقابلہ کریں، ہم کسی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔