جسٹس عالیہ نیلم لاہور، جسٹس شفیع صدیقی سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس
لاہور؍ اسلام آباد (خبر نگار+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) جوڈیشل کمشن نے جسٹس عالیہ نیلم کی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جبکہ جسٹس شفیع صدیقی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی متفقہ طور پر منظوری دیدی ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیرصدارت جوڈیشل کمشن کا اجلاس ہوا۔ پارلیمانی کمیٹی سے منظوری کے بعد وہ لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی۔ عالیہ نیلم سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کیلئے جسٹس شجاعت علی اور جسٹس باقر نجفی کے نام بھی زیر غور آئے۔ جسٹس عالیہ نیلم 12 نومبر 1966 کو پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1995 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ جسٹس عالیہ نیلم نے یکم فروری 1996 کو بطور وکیل پریکٹس کا آغاز کیا۔ جسٹس عالیہ نیلم 2013ء میں لاہور ہائیکورٹ کی ایڈہاک اور 2015ء میں مستقل جج بن گئیں۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے لئے جسٹس شفیع محمد صدیقی کے نام کی منظوری دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں جسٹس شفیع محمد صدیقی کا نام کمشن نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے جسٹس شفیع محمد صدیقی، جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس صلاح الدین پنہور کے ناموں پر غور ہوا۔